آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کا سکیورٹی ڈویژن کا دورہ

Syed Ali Nasir Rizvi
Syed Ali Nasir Rizvi

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات اور ریاستی و بین الاقوامی اداروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سکیورٹی ڈویژن کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔آئی جی اسلام آباد نے افسران سے ڈپلومیٹک انکلیو اور سکیورٹی ڈویژن سے متعلق بریفنگ لی۔سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ سکیورٹی ڈویژن میں جاری ترقیاتی اور ویلفیئر امور کو تیز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام افسران ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط کریں۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات اور ریاستی اور بین الاقوامی اداروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ڈویژن میں نفری کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو فعال کیا جائے،سکیورٹی ڈویژن کی نفری کی نفسیاتی جانچ عمل میں لائی جائے۔ کمیونٹی پولیسنگ کو ترجیح دی جائے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تمام سکیورٹی سسٹم کا از سر نو جائزہ لیا جائے۔