مسقط۔20اکتوبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں جمعرات (21اکتوبر) کو مزید 2 میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں بنگلہ دیش اور پاپوانیوگنی جبکہ دوسرے میچ میں عمان اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔دونوں میچز الامارت کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔ پہلے رائونڈ کے مقابلے8 ٹیموں کے درمیان کھیلے جائیں گے جن میں عمان، بنگلہ دیش، پاپوا نیوگنی، سکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، نمیبیا، سری لنکا اور ہالینڈ شامل ہیں۔
ابتدائی مرحلے کے میچز 22 اکتوبر تک جاری رہیں گے اور ہر گروپ میں سرفہرست دو ٹیمیں 23 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ 23 اکتوبر سے ابوظہی میں شروع ہو گا ۔ 24 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی۔
سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم پانچ گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپس سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 نومبر کو ابوظہبی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔