آئی سی سی آئی پاکستان- الجیریا تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے "الجیریا ویک” منائے گا،الجزائر کے سفیر کا پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار

41

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اگست 2025ء میں "الجزائر ویک” منائے گا تاکہ الجزائر کی تجارت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ اس کی بھرپور ثقافت اور ورثے کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس بات کا اعلان آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے الجزائر کے سفیر ابراہیم رومانی کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے چیمبر کا دورہ کیا۔بدھ کو چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیر ابراہیم رومانی نے الجزائر اور پاکستان کے درمیان مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعلقات استوار کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے متنوع شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ الجزائر کا سفارت خانہ آئی سی سی آئی میں جولائی کے مہینے میں "الجیریائی کھانوں” کے دن کا اہتمام کرے گا تاکہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے الجزائر کے روایتی کھانے اور پھلوں کی نمائش کی جا سکے۔

انہوں نے آئی سی سی آئی کو ستمبر میں انٹر افریقہ ٹریڈ فیئر 2025 میں فعال طور پر شرکت کی دعوت بھی دی۔سفیر نے کہا کہ پاکستان الجزائر کی آزادی کے بعد اسے تسلیم کرنے والے پہلے ممالک میں شامل تھا اور اس بات پر زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس خیر سگالی کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الجزائر افریقی منڈیوں تک سٹریٹجک رسائی کی پیشکش کرتا ہے اور پاکستانی سرمایہ کاروں اور برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ الجیریا کو شمالی افریقہ کے لیے گیٹ وے کے طور پر دیکھیں۔ انہوں نے توانائی، زراعت، فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل اور تعمیرات سمیت تعاون کے اہم شعبوں پر روشنی ڈالی۔ آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ’’لک افریقہ پالیسی‘‘ افریقی براعظم کے ساتھ روابط کو بڑھانے کے لیے ایک سٹریٹجک اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ الجزائر افریقہ کی ایک بڑی معیشت ہے اور پاکستانی کاروبار کے لیے افریقی منڈیوں میں داخلے کے ایک اہم مقام کے طور پر کام کر سکتا ہے۔ انہوں نے الجزائر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی الجزائر کی اقتصادی طاقت، سرمایہ کاری کے امکانات اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے اگست میں الجزائر ویک کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی، حلال فوڈ پروسیسنگ، زرعی صنعتوں اور تعمیراتی مواد جیسے شعبوں کو دوطرفہ تعاون کے لیے اعلیٰ امکانات کے طور پر اجاگر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی تجارتی ترقی میں مدد کے لیے بزنس میچ میکنگ، مارکیٹ ریسرچ اور پالیسی ایڈوکیسی جیسی خدمات پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے تعاون کو ادارہ جاتی بنانے اور کوششوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے الجزائر کے چیمبرز کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی تجویز بھی دی۔

آئی سی سی آئی کے سابق صدر میاں شوکت مسعود، ایگزیکٹو ممبر شمائلہ صدیقی اور آئی سی سی آئی کے صدر کے مشیر نعیم صدیقی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی روابط استوار کرنے کی گنجائش پر زور دیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبران عرفان چوہدری، وسیم چوہدری، عمران منہاس، نوید ستی اور ملک محسن خالد بھی موجود تھے اور دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔