آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا 33 واں میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان ( کل ) کھیلا جائے گا

آئی سی سی

ممبئی۔1نومبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں کل(جمعرات کو)ایک میچ کھیلا جائے گا، جس میں میزبان بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ میچ میگا ایونٹ کا 33واں میچ ہوگا اور دن 1 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا 13واں ایڈیشن جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ میگا ایونٹ میں (کل )جمعرات کو ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں بھارت اور آئی لینڈرز وانکھیڈے سٹیڈیم، ممبئی کے مقام پر پنجہ آزمائی کریں گے ۔ میچ دن 1 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

میگا ایونٹ میں بھارت اور سری لنکن ٹیمیں 6 ،6 میچ کھیل چکی ہیں اور میزبان بھارتی ٹیم تاحال میگا ایونٹ میں ناقابل شکست اور پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ سری لنکن ٹیم بھی 6 میچز کھیل چکی ہے اور وہ دو میچ جیت سکی ہے اور اس کو چار میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آئی لینڈرز میگا ایونٹ کے ٹیبل پوائنٹس پر چار پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے ۔ بھارتی ٹیم کو مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما لیڈ کر رہے ہیں جبکہ آئی لینڈرز کی ٹیم کو کوسل مینڈس لیڈ کر رہے ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔میگا ایونٹ کا فائنل میچ 19 نومبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا