اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اخبارات نے عوام میں شعور کی بیداری اور معاشرے میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ پیر کواخبار بینی کے قومی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے اخبار بینی کے قومی دن کے موقع پر اے پی این ایس، ایڈیٹرز، پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافیوں، اخباری عملے اور قارئین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی جانب سے اخبار بینی کا قومی دن کا انعقاد خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے،اخبار بینی کا قومی دن کا انعقاد نوجوان نسل میں اخبارات کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنے میں اہم پیشرفت ثابت ہو گا،الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کی ترقی کے باوجود اخبارات اپنے قارئین کو سماجی و معاشی مسائل سے آگاہی اور مستند خبروں کی فراہمی کا معتبر ذریعہ ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ فیک نیوز کے اس دور میں اخبارات حقائق پر مبنی خبریں اور بے لاگ تجزیوں کو عوام تک پہنچانے کا اہم ذریعہ ہیں،دیگر ذرائع ابلاغ کی موجودگی کے باوجود آج اخبارات کے قارئین کی کثیر تعداد موجود ہے اور ملک کے طول و عرض میں اخبارات کو ذوق و شوق سے پڑھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اخبار بینی کی عادت انسان کے نقط نظر کو وسیع اور اس کے علم میں اضافہ کرتی ہے ۔