اسلامی تعاون تنظیم کی سعودی عرب کی جنوبی سرحد پر بحرینی ملٹری فورس پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی مذمت

اسلامی تعاون تنظیم

جدہ۔26ستمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے یمن کے ساتھ سعودی عرب کی جنوبی سرحد پر بحرین کی ملٹری فورس کے ٹھکانے پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں بحرینی افواج سے وابستہ ایک افسر اور ایک فوجی شہید اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کے مطابق او آئی سی کے سکریٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے دونوں شہداء کے خاندانوں اور بحرین کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات یمن میں بحران کے خاتمے کے لیے کی جانے والی مثبت کوششوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔