اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ (آج) جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کا خطاب پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے متوقع ہے۔
اجلاس کے موقع پر وزیراعظم اور نیدرلینڈز کے وزیراعظم کی ملاقات بھی متوقع ہے جبکہ وزیراعظم اقوام متحدہ سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے پاکستانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو انٹرویو دیں گے اور نیویارک میں موجود پاکستانی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی گفتگو کریں گے۔