اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہفتہ وار بازاروں میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات

38
Islamabad Traffic Police
Islamabad Traffic Police

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس(آئی ٹی پی)نے اتوار کو ہفتہ وار بازاروں میں ٹریفک کی روانی کوبرقراررکھنے کے لیے موثر اقدامات کئے۔ ایک اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو ٹریفک جام سے بچانا اور بازاروں کے اردگرد منظم ٹریفک نظام کو یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں سینئر افسران نے بازاروں کا دورہ کیا، ٹریفک کے بہائو کا جائزہ لیا اور ٹریفک اہلکاروں کو بریفنگ دی کہ وہ اپنے فرائض بہترین طریقے سے انجام دیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈیوٹی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔

ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو تمام داخلہ و خارجہ پوائنٹس، پارکنگ ایریاز اور حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی بے ترتیبی یا رکاوٹ کو روکا جا سکے۔ چیف ٹریفک آفیسر(سی ٹی او) کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیاں صرف مخصوص پارکنگ ایریاز میں پارک کریں تاکہ ٹریفک کا بہائو متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے سمیت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سی ٹی او ذیشان نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے ہمہ وقت چوکس ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور خود کو ایک ذمہ دار اور مہذب شہری ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کا بہائو برقرار رکھنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔