اقوام متحدہ کے سربراہ کا ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

Antonio Gutierrez
Antonio Gutierrez

اقوم متحدہ ۔20نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوٹیرس نے ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت نے چار روز سے اسرائیلی بربریت کا نشانہ بنے غزہ کے الشفا ہسپتال کو ’’ڈیتھ زون‘‘ قرار دے دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے دیگر اداروں کے عہدیداران نے بھی سیکرٹری جنرل کی اس اپیل کی حمایت کی ہے جس میں غزہ کے 23 لاکھ مکینوں خاص طور سے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث بے گھر ہونے والے 17 لاکھ فلسطینیوں کے لئے حالات کو بہتر بنانے کو کہا گیا ہے۔

انتونیو گوٹیرس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جنگ میں خواتین اور بچوں سمیت عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد حیران کن اور ناقابل قبول ہے۔ان فوجی کارروائیوں کو فوری طورپر رکنا چاہیے ،میں ایک بار پھر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ میں جنگ بندی کی اپیل کرتا ہوں۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) وولکر ترک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران رونما ہونے والے ہولناک واقعات نے ایمان و اعتقاد کو متزلزل کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں سکولوں میں پنا ہ لینے والے ہزاروں شہریوں کا قتل، الشفا ہسپتال میں پناہ لئے ہوئے ہزارو ں شہریوں کا جانیں بچانے کے لئے بھاگنا، لاکھوں افرا د کو بے گھر کر دینا تمام بین الاقوامی قوانین کی بڑے پیمانےپر خلاف ورزیاں اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔