اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کورونا وائرس کی پیش رفت سے آگاہی کے لئے عالمی ادارہ صحت کے ہیڈکواٹرکا دورہ

جنیوا ۔ 25 فروری (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کرونا وائرس کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہی کے لئے جنیوا میں عالمی ادارہ صحت کے صدر دفتر کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ عدم تفریق کے اصول پر کاربند رہتے ہوئے انسانی حقوق کا احترام کیا جائے اور کرونا وائرس کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ انتونیوگوتریس نے اس موقع پر چینی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دستیاب معلومات کے مطابق فروری کے شروع سے چین میں کرونا وائرس کے نئے مریضوں کی تعداد میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی۔چینی عوام کی کٹھن جدوجہد کے باعث وائرس کی مزید منتقلی کی روک تھام ممکن ہوئی ہے جو انسانیت کی ایک عظیم خدمت ہے۔