23.8 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومقومی خبریںالیکشن 2024 کی کوریج کے دوران پی ٹی وی نے غیر جانبداری...

الیکشن 2024 کی کوریج کے دوران پی ٹی وی نے غیر جانبداری کو ملحوظ خاطر رکھا، پی ٹی وی نے ثابت کیا کہ وہ دیگر چینلز کیلئے رول ماڈل ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا پی ٹی وی ملازمین میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔29فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن 2024 کی کوریج کے دوران پاکستان ٹیلی ویژن نے غیر جانبداری کو ملحوظ خاطر رکھا، پی ٹی وی نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا ہے کہ وہ دیگر چینلز کے لئے رول ماڈل ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان ٹیلی ویژن ہیڈ کوارٹرز میں انتخابات کی مسلسل کوریج سے منسلک ملازمین میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عام انتخابات کی دن رات مسلسل نشریات پاکستان ٹیلی ویژن کے تمام شعبوں کی انتھک محنت سے ممکن ہوئی ہے جو لائق تحسین ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے پروفیشنلز نے غیر جانبداری کو ملحوظ خاطر رکھا جو شاندار کوریج کے پیشہ ورانہ معیار اور توقعات پر پورا اترتی ہے۔

- Advertisement -

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ بڑے پیمانے پر غیر معمولی کوریج کو بہتر انداز میں پیش کرنے میں ایم ڈی پی ٹی وی سمیت تمام ملازمین اور شعبوں کا کردار لائق تحسین ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی سید مبشر توقیر شاہ نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ملازمین نے عام انتخابات کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پرائیویٹ میڈیا میں بھی اس حوالے سے پی ٹی وی کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ واضح رہے کہ ملکی تاریخ کے 12 ویں عام انتخابات کا مرحلہ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ہے، 12 کروڑ 80 لاکھ سے زائد ووٹرز کے لئے انتخابات میں پولنگ کے عمل سے لے کر نتائج تک تمام مراحل کی بلا تعطل کوریج اور لائیو رپورٹنگ کو پی ٹی وی نے احسن طریقے سے نبھایا۔

اس حوالے سے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر اطلاعات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور مختلف پروفیشنلز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ تقریب کے آخر میں پاکستان ٹیلی وژن انتظامیہ کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیرشاہ کو شیلڈز پیش کی گئیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=444036

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں