امریکا کو کی جانے والی قومی برآمدات میں23 فیصد اضافہ، رواں سال برآمدات کا حجم 8 ارب ڈالر سے بڑھنے کی توقع ہے،مسعود خان

Ambassador Masood Khan

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے سالانہ بنیادوں پر امریکا کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے ، جس کے نتیجہ میں برآمدات کی مالیت پہلی مرتبہ 5 ارب ڈالرسے بڑھی ہے۔

ہفتہ کو واشنگٹن سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سفیر نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مئی 22۔2021کے دوران قومی برآمدات کا حجم 6.16 ارب ڈالر تک بڑھا ہے تاہم جون کے اعدادوشمار ابھی موصول ہونے ہیں جس کے بعد برآمدات کی مالیت میں مجموعی طور پر مزید اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کا بڑا تجارتی شراکتدارہے اور پاکستان کی ایک بڑی برآمدی منڈی بھی ہے۔ انہوں نے کہا برآمدات میں اضافہ ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمات اور آئی ٹی کے شعبوں میں پاکستان نے امریکا کو2 ارب ڈالر کی برآمدات کی ہیں اور توقع ہے کہ خدمات اور آئی ٹی کی برآمدات سمیت قومی برآمدات8 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں امریکی اداروں کی معاونت سے بہترین نتائج ملے ہیں اور اس میں ترقی کا رجحان ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ حالیہ مہینوں پاکستانی ٹیک سٹارٹ اپس میں بھاری سرمایہ کاری کی گئی ہے اور ان کی آمدنی 50کروڑ سے زیادہ رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے ڈیجیٹل ادارے تیزی سے ترقی کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں ان کی مقبولیت فروغ پذیر ہے۔

مسعود خان نے کہا کہ مستقبل میں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں پاک امریکا شراکتداری و معاونت میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2021 میں پاکستان نے امریکا سے2.4 ارب ڈالر کی برآمدات کی تھیں جبکہ گزشتہ مالی سال 2022 کے پہلے گیارہ ماہ میں درآمدات کی مالیت2.72 ارب ڈالر تک بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا امریکا سے درآمدات میں معمولی اضافہ جبکہ قومی برآمدات میں نمایاں شرح نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ ماضی قریب میں پاکستان اور امریکا نے سرمایہ کاری و تجارت کے گروغ پرخصوصی توجہ دی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستانی برآمدات میں نمایاں شرح نمو ہوئی ہے جس سے دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام آئے گا۔

مسعود خان نے کہا کہ مارچ 2022 میں پاکستان اور امریکا نے تجارت اور سرمایہ کے فروغ کیلئے اجلاس منعقد کیا تھا جس میں پاکستان کی جانب سے سیکرٹری تجارت صالح احمد فاروقی اور امریکا کی جانب سے اسسٹنٹ ٹریڈ ریپریزینٹیٹو کرسٹوفر ولسن شریک ہوئے تھے۔ دونوں ممالک رواں سال سردیوں کے آغاز سے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک (ٹی آئی ایف اے) کے تحت قبل بین الوزارت اجلاس کی تیاریوںمیں مصروف ہیں۔