امریکی نائب صدرکی سوتیلی بیٹی کی غزہ کے بچوں کے لیے فنڈ ریزنگ مہم

واشنگٹن ۔6نومبر (اے پی پی):امریکی نائب صدرکملا ہیرس کی سوتیلی بیٹی اورامریکی ماڈل ایلا ایمہوف نے غزہ کے بچوں کے لیے فنڈ ریزنگ مہم شروع کر دی۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی یہودی وکیل اور کملا ہیرس کے شوہر ڈگ ایمہوف کی 24 سالہ بیٹی ایلا ایمہوف نے انسٹاگرام پر اپنے 316,000 سے زیادہ فالورز کے ساتھ ایک لنک شیئر کیا، یہ فلسطین چلڈرن ریلیف فنڈ، یا فلسطین چلڈرن ریلیف سوسائٹی کا لنک ہے جس کا مقصد اس وقت غزہ کے بچوں کے لیے 20 ملین ڈالر کے عطیات جمع کرنا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کی جانب سے گذشتہ روز شائع ہونے والی عطیات کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن کانگریس مین جیف وان ڈریو نے اس مہم پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم غزہ کے بچوں کے لیے نہیں بلکہ حماس کے لیے ہے، کیونکہ آخر کار یہ عطیات حماس ہی کے ہاتھ لگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کملا ہیرس کی سوتیلی بیٹی نے جو کچھ کیا اس پر انہیں تشویش ہے اور ان کے لیے یہ قابلِ نفرت ہے۔ سچ پوچھیں تو میں ایک طرح سے حیران ہوں، یہ انتہائی تشویشناک ہے، کیونکہ اس طرح کی امدادی رقم غزہ میں حماس ہی کے ہاتھ لگے گی۔ عطیات ان بچوں تک نہیں جائیں گے جنہیں ان کی ضرورت ہے بلکہ یہ رقم حماس کو ملے گی۔