اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات ایک بڑی مشق تھی، 6 کروڑ سے زائد لوگوں نے اپنا ووٹ ڈالا، انتخابات کے حوالے سے شکایات سنی جا رہی ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو ”سما نیوز“ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے نتائج میں تاخیر کی وجوہات کی وضاحت کر دی ہے، کچھ علاقوں میں موسم، سیکورٹی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل درپیش تھے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حتمی نتائج آنے میں کچھ مسائل ضرور پیش آئے، انتخابات کے حوالے سے شکایات سنی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 11 صوبائی اسمبلی اور 9 قومی اسمبلی کے نتائج روکے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ سسٹم کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات ایک بڑی مشق تھی جس میں تقریباً 90 ہزار پولنگ اسٹیشنز تھے، 18 ہزار کے قریب امیدواروں نے الیکشن میں حصہ لیا اور 6 کروڑ سے زائد لوگوں نے اپنے ووٹ ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے سیکورٹی کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے، وزارت داخلہ کے پاس ایسی رپورٹس تھیں کہ ملک میں انتخابات کے روز پرتشدد واقعات اور دہشت گردی ہو سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی شکایات ہیں، وہ دور ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو چاہئے کہ وہ جب پارلیمان میں آئیں تو ایسا نظام بنائیں کہ ایسی شکایات نہ ہوں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=438941