23.8 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومقومی خبریںانتخابات میں عوام کے فیصلے کی تکمیل کے لئے قومی اسمبلی کا...

انتخابات میں عوام کے فیصلے کی تکمیل کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلایا جائے گا، منتخب حکومت کے لئے چیلنجز بھی بڑے ہوں گے، نشریات کے حوالے سے جدید رجحانات کے بارے میں سوچنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، مرتضیٰ سولنگی

- Advertisement -

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات میں عوام کے فیصلے کی تکمیل کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلایا جائے گا، منتخب حکومت کے لئے چیلنجز بھی بڑے ہوں گے، نشریات کے حوالے سے جدید رجحانات کے بارے میں سوچنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، پی ٹی وی نے مقامی زبانوں کی بہتر ترجمانی کی، نیوز لیٹر کے اجراءپر پی ٹی وی کی ادارتی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے نیوز لیٹر کے اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر شاہ اور وزارت اطلاعات کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک نشریاتی ادارے کی طرف سے نیوز لیٹر کا اجراءلائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے صحافت کا آغاز پرنٹ رپورٹنگ سے کیا تھا، دی نیوز اخبار کی لانچنگ ٹیم کا حصہ تھا جس کا پہلا اخبار 11 فروری 1991 کو شائع ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نشریات کے حوالے سے جدید رجحانات کے بارے میں سوچنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

- Advertisement -

جس طریقے سے ہم ڈیجیٹل دور میں داخل ہو رہے ہیں، اس کے چیلنجز بھی اتنے ہی بڑے ہیں، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیپ فیک، وائس کلوننگ جیسے بڑے چیلنجز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کو اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجیز کی طرف زیادہ توجہ دینا ہوگی اور ڈیجیٹل پراڈکٹس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نگران دور میں پاکستان ٹیلی ویژن نے غیر جانبدار قومی نشریاتی ادارے کے طور پر کام کیا، پی ٹی وی نے کسی خاص جماعت، کسی خاص سیاسی نظریے اور کسی خاص امیدوار کے حق میں کوئی مہم نہیں چلائی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے انتخابات میں اپنا فیصلہ دیا ہے، اس فیصلے کی تکمیل کے لئے جلد قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان جیسے ہی سرکاری نتائج جاری کر دے گا، قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب حکومت کے لئے چیلنجز بھی بڑے ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کا بنیادی مقصد تبدیل نہیں ہوگا، پی ٹی وی عوام کے ٹیکس کے پیسے سے چلتا ہے، پی ٹی وی نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کثیر الثقافتی اور کثیر السانی ملک ہے، پی ٹی وی نے مقامی زبانوں کی بہتر ترجمانی کی ہے، پی ٹی وی کو اپنا یہ مشن جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے دور میں ملتان ٹیلی ویژن سینٹر کی 24 گھنٹے نشریات شروع ہوئیں، بلوچستان میں پی ٹی وی بولان پر بلوچی اور براہوی زبانوں کے ساتھ ساتھ ہزارگی زبان میں بھی پروگرام شروع کرائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی جہاں ریاست کا ترجمان ہے وہاں عوام اور عوامی مفادات کا بھی ترجمان ہے، ادارے کا اچھا مستقبل اچھی کارکردگی سے وابستہ ہے، بہتر کارکردگی، بہترین پی ٹی وی سکرین، بہترین پروگرام ہی عوام کے اعتماد کا باعث بنیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے نیوز لیٹر کے اجراءپر سیکریٹری اطلاعات، ایم ڈی پی ٹی وی، پی ٹی وی انتظامیہ اور ادارتی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=440201

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں