انگلش پریمیئر لیگ،چیلسی نے کرسٹل پیلس کو 1-3 سے ہرا دیا

English Premier League
English Premier League

لندن۔13فروری (اے پی پی):انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں چیلسی نے کرسٹل پیلس کو شکست دے دی، یہ چیلسی کی لیگ میں دسویں فتح ہے۔ کونور گالا گھر نے دو اور اینزو فرنینڈز نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم چیلسی کی فتح میں اہم کردارادا کیا۔

کرسٹل پیلس کی طرف سے واحد گول جیفرسن لیما نے میچ کے 30 ویں منٹ میں سکور کیا۔پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔ سیلہرسٹ پارک، لندن میں کھیلے گئے میچ میں چیلسی اور کرسٹل پیلس کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں میچ کےپہلے ہاف پر کرسٹل پیلس کی ٹیم کوجیفرسن لیما کے 30 ویں منٹ پر کئے گئے گول کی بدولت چیلسی کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں چیلسی کی ٹیم شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کرسٹل پیلس کی ٹیم پر حاوی ہوگئی اور اس کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کرنا شروع کر دیئے۔

چیلسی کے کھلاڑی کونور گالاگھر47 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا، میچ کے اختتام لمحات میں کونور گالا گھر اور اینزو فرنینڈز نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے مقابلہ 1-3 کر دیا ۔ دونوں کھلاڑیوں کے اختتامی لمحات میں کئے گئے گول فیصلہ کن ثابت ہوئے ، یوں چیلسی نے کرسٹل پیلس کی ٹیم کو میچ میں ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر ای پی ایل میں دسویں فتح اپنے نام کرلی ۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی چیلسی کی ٹیم کی انگلش پریمیئر لیگ میں فتوحات کی تعداد دس ہوگئی ہے اور وہ 34 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دسویں نمبر پر موجود ہے۔