انگلینڈ نے فیصلہ کن ٹی 20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو سپر اوور میں ہرا کر سیریز 3-2 سے جیت لی

آکلینڈ۔ 11نومبر(اے پی پی) انگلینڈ نے پانچویں اور فیصلہ کن ٹی 20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو سپر اوور میں شکست دے کر سیریز 3-2 سے جیت لی، خراب موسم کے باعث میچ کو 11 اوورز تک محدود کر دیا گیا اور میزبان نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے، مارٹن گپٹل نے پانچ چھکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 50 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، دیگر بلے بازوں میں کولن منرو 46 اور ٹم سیفرٹ 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سام کرن، ٹام کرن، عادل راشد اور ثاقب محمود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں انگلینڈ کی ٹیم بھی مقررہ 11 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی، انگلش ٹیم کو جیت کیلئے آخری تین گیندوں پر 13 رنز درکار تھے، کرس جورڈن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 12 رنز جڑ کر مقابلہ برابر کر دیا، جونی بیئرسٹو نے پانچ چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے، سام کرن 24 اور کپتان مورگن 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے سپر اوور کا سہارا لیا گیا، انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ گیندوں پر 17 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 رنز کے تعاقب میں چھ گیندوں پر صرف 8 رنز بنا سکی، اس طرح انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کرکے پانچ میچوں کی سیریز 3-2 سے جیت لی، جونی بیئرسٹو کو میچ اور مچل سینٹنر کو سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔