انگلینڈ کے کیمرون نوری اور جیکب فیرنلی کا اے ٹی پی جنیوا اوپن ٹینس مینز سنگلز کا فاتحانہ آغاز

125
England's Cameron Norrie
England's Cameron Norrie

جنیوا۔20مئی (اے پی پی):انگلینڈ کے ٹینس کھلاڑی کیمرون نوری اور جیکب فیرنلی اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت اے ٹی پی جنیوا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ انداز میں آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے ۔

29 سالہ برطانوی ٹینس سٹار کیمرون نوری نے مینز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنےو الے سوئس حریف ٹینس کھلاڑی ڈومینک سٹیفن سٹرکر کو شکست دی جبکہ انگلینڈ کے 23 سالہ جیکب فیرنلی نے پہلے رائونڈ کے میچ میں سربین حریف کھلاڑی ڈوسن لاجوویچ کو مات دی ۔

سربین ٹینس کھلاڑی ڈوسن لاجوویچ نے بھی ایونٹ میں وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کی۔ اے ٹی پی ٹینس ٹورنامنٹ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے سوئٹزرلینڈ کے مشہور شہر جنیوا میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

منگل کو اے ٹی پی ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں 29 سالہ برطانوی ٹینس سٹار کیمرون نوری نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنےو الے سوئس حریف ٹینس کھلاڑی ڈومینک سٹیفن سٹرکر کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(2-7)اور3-6 سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا۔

ایک اور میچ میں انگلینڈ کے 23 سالہ جیکب فیرنلی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سربین حریف کھلاڑی ڈوسن لاجوویچ کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 1-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ کےلئے کوالیفائی کرلیا۔