انیسویں ایشین گیمز ہاکی ایونٹ،پاکستان کاسنگاپور کو0-11گولز سے ہرا کر جاندارآغاز،ارباز اورارشدکی شاندار ہیٹرکس

ہاکی

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):19ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں سنگا پور کویکطرفہ مقابلے کے بعد 11-0گولز سے شکست دے کر جاندار آغاز کیا، پاکستان کی جانب سے ارباز احمد اورارشد لیاقت نے شاندار ہیٹرکس کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا،

چین کے شہر ہانگ زو میں جاری مینز ہاکی ایونٹ میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف سنگاپور کو با آسانی 11-0گولز سے ہرا کر زبردست کامیابی اپنے نام کی، ارشدلیاقت اور اربازاحمد نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹرکس کیں، عبدالرحمٰن، محمد عماد، افراز، سفیان خان اور رانا وحید نے ایک، ایک گول کیا،پاکستان ہاکی ٹیم 26 ستمبر کو دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کے مدمقابل ہو گی،ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں بارہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے،پاکستان کو پول اے میں بھارت، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ کوریا ، ملائیشیا، چین عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔