آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 14جنوری سے شروع ہو گا، گرین شرٹس اپنی مہم کا آغاز 15جنوری کو کریں گے

آئی سی سی

جمیکا۔6جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 14جنوری سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہو گا۔ پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 15جنوری کو پاپوا نیوگنی کے خلاف میچ سے کرے گی۔

میگا ایونٹ میں شرکت کے لئے قومی انڈر 19 ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچ چکی ہے۔ 5 فروری تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں بنگلہ دیش، کینیڈا، انگلینڈ اور یونائیٹڈ عرب امارات، گروپ بی میں جنوبی افریقہ، بھارت، آئرلینڈ اور یوگنڈا، گروپ سی میں پاکستان، زمبابوے، افغانستان اور پاپوا نیو گنی جبکہ گروپ ڈی میں سکاٹ لینڈ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا شامل ہیں۔

بنگلہ دیشی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ورلڈ کپ کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہر ٹیم دو، دو وارم اپ میچ کھیلے گی، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 9 جنوری کو بنگلہ دیش جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 11 جنوری کو کینیڈا کے خلاف کھیلے گی۔ ورلڈ کپ کے افتتاحی روز دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرا میچ سکاٹ لینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 15 جنوری کو پاپوا نیو گنی کے خلاف میچ سے کرے گی، قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ 20 جنوری کو افغانستان جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 22 جنوری کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔ ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گی جو 25 جنوری سے شروع ہو گا۔

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مقابلے یکم اور 2 فروری جبکہ فائنل 5 فروری کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، گرین شرٹس نے لگاتار 2004 اور 2006 میں عالمی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ بھارت کو سب سے زیادہ 4 مرتبہ ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل ہے