دبئی۔21نومبر (اے پی پی):پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر 15 فیصد میچ فیس سے محروم ہو گئے، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی ان کے کھاتے میں ڈال دیا گیا۔
اتوار کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کے دوران پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے اننگز کے تیسرے اوور میں اپنی ہی گیند پر فیلڈ کر کے تھرو سیدھا بنگلہ دیشی بیٹر عفیف حسین کی طرف پھینکا جو ان کے پائوں میں لگا اور وہ وکٹ پر گر گئے،
شاہین آفریدی نے واقعہ پر عفیف حسین سے معافی مانگی تھی اور میچ ختم ہونے کے بعد انہیں گلے سے بھی لگایا تھا تاہم آئی سی سی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے شاہین آفریدی کو لیول ون کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کامرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا،
آن فیلڈ ایمپائر، تھرڈ اور فورتھ ایمپائر نے شاہین شاہ پر چارجز لگائے جنہیں فاسٹ بائولر نے قبول کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ شاہین شاہ کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=282710