آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا بارہواں ایڈیشن 4مارچ سے نیوزی لینڈ میں شروع ہوگا،8ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہوں گی

دبئی ۔28فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کے زیر اہتمام خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کا بارہواں ایڈیشن 4مارچ سے نیوزی لینڈ میں شروع ہوگا۔ 50 اوورز کے میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں جس کے باضابطہ آغاز میں تین دن باقی رہ گئے ہیں۔

ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں 8 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے نبرد آزما ہوں گی جن میں میزبان نیوزی لینڈ کے علاوہ آسٹریلیا،بنگلہ دیش،دفاعی چیمپئن انگلینڈ،بھارت،پاکستان،جنوبی افریقا اور ویسٹ اندیز شامل ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے ایکشن میں ہوگی۔ٹورنامنٹ رائونڈ رابن اورناک آئوٹ سسٹم کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔

یہ میگا ایونٹ اصل میں 6 فروری سے 7 مارچ 2021 تک شیڈول تھا لیکن کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 15 دسمبر 2020 میں تصدیق کی تھی کہ اب یہ ٹورنامنٹ 4 مارچ سے 3 اپریل 2022 تک نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے میچز نیوزی لینڈ کے چھ مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گےجن میں کرائسٹ چرچ ،آکلینڈ ،ماؤنٹ مونگانوئی،ہیملٹن ،

ویلنگٹن اور ڈونیڈن میں کھیلے جائیں گے۔میگا ایونٹ کے ابتدائی روز 4 مارچ کو ایک میچ کھیلا جائے جس میں میزبان نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیمیں مائونٹ مونگانوئی کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی۔میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 30 مارچ ،دوسرا سیمی فائنل میچ 31 مارچ کو کھیلا جائے گاجبکہ میگا ایونٹ کا فائنل معرکہ 3اپریل کو ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں ہوگا۔