بیجنگ۔26ستمبر (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ رواں سال امریکی شہر سان فرانسسکو میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن(اپیک)اجلاس کی کامیابی میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے منگل کو نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ چین دنیا کے سب سے بڑے ترقی پذیر ملک اور اپیک کے ایک اہم رکن کے طور پربین الاقوامی برادری کی توقعات پر پورا اترنے اور رواں سال اپیک اجلاس کی کامیابی میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یقیناً ہم اور تمام فریق امید کرتے ہیں کہ امریکا میزبان کے طور پر اپنی ذمہ داری کو تسلیم کرے گا، کھلے پن، انصاف پسندی، جامعیت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گا اور اجلاس کے ہموار انعقاد کے لیے بہتر حالات پیدا کرے گا۔ چینی وزیر خارجہ نے کسی بھی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ چین نے ان فوجی اتحادوں میں بلا مقصد توسیع کی مخالفت کی ہے جو دوسرے ممالک کے لیے سلامتی کے مواقع کو کم کر دیتے ہیں۔