پشاور۔17اگست (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور،قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزامات پر مبنی بیانیے کی سیاست قوم کو گمراہ کر نے کی کوشش ہے جسے ناکام بنانے کیلئے اہل قلم خواتین و حضرات اپنا کردار اد ا کریں اور قلم کے ذریعے سچ عوام کے سامنے لائیں ۔ وہ بدھ کے روز اکادمی ادبیات کے علاقائی دفتر کی نئی عمارت کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔
انھوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے والے اور عوام خصوصاََ نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنے والے نام نہاد سیاستدانوں کی حقیقت کو سامنے لانااورانہیں ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے سے روکنا قومی مفاد کا اہم ترین تقاضا ہے ۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ملک کے شاعر ، ادیب اور دیگر ایل قلم خواتین و حضرات اس ملک کا سرمایہ ہیں ،(ن) لیگ کے سابقہ دور حکومت میں اس وقت کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اس طبقے کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے اور اب وزیر اعظم شہباز شریف بھی اس حوالے سے متحرک ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ اس سے ہٹ کر بھی اگر ملک میں حقیقی معنوں میں ترقی ہوئی ہے تو وہ مسلم لیگ(ن) ہی کے دور حکومت میں ہوئی اور اس حوالے سے موٹر ویز سے لیکر ایٹمی دھماکوں تک بے شمار مثالیں دیجا سکتی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اس مرتبہ بھی وزیر اعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس وقت معاشی معاملات کی اصلاح حکومت کا سب سے اہم ہدف ہے کیونکہ ملک کے بہت سے مسائل کا حل معاشی حالت میں بہتری سے جڑا ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ایک طویل عرصہ دہشت گردی کی شدید لہر کا سامنا کیا ، اس دوران یہاں کے رہنے والے بہت سے باشندوں کو اپنے ہی صوبے میں مہاجروں کی حیثیت سے زندگی گزارنی پڑی ،اپنے گھر بار گنوانے پڑے ، کاروباری نقصانات اٹھانے پڑے ، جان و مال کی قربانیاں دینی پڑیں لیکن اس سرزمین سے انکی والہانہ محبت میں کوئی کمی نہیں آئی اور انھوں نے ان تمام حالات کا خندہ پیشانی کے مقابلہ کیا۔ انھوں نے کہا ان پر بھی 7مرتبہ دہشت گرد حملے ہوئے تاہم وہ صوبے کے عوام کی خدمت کے میدان سے پیچھے نہیں ہٹے ۔
انھوں نے کہا کہ ان قربانیوں کا تقاضا ہے کہ خیبر پختونخوامیں شعبہ جاتی ترقی کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا ئے ۔انھوں نے کہا کہ انھوں نے ماضی میں بھی خیبر پختونخوا کے کئی میگا پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے انتھک کاوشیں کیں اور اب بھی اس حوالے سے متحرک ہیں ۔
انھوں نے اکادمی ادبیات کے علاقائی دفتر کی نئی عمارت کو صوبے میں ادب کے حوالے سے تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے کہا صوبے کے دیگر حصوں میں اس طرح کی عمارتوں کی تعمیر اور شعبہ ادب سے وابستہ شخصیات کو درپیش مسائل کے حل کیلئے انکی وزارت اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔ انھو ں نے اکادمی ادبیات کے ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہاس حوالے مشاورت کے ساتھ قابل عمل تجاویز تیار کریں تاکہ ان پر عمل درآمد کی راہ ہموار کی جا سکے ۔