ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں سیلاب متاثرین اور متاثرہ علاقوں کے لیے 2 ارب ڈالرسے زائدکی معاونت کی منظوری دے گا

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور پائیداربنیادی ڈھانچہ کی تعمیرکی سرگرمیوں میں مدد کے لیے 2 ارب ڈالرسے زائدکی معاونت کی منظوری دے گا۔ یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرجنرل برائے وسطی ومغربی ایشیایوجین ژوکوف نے منیلامیں ورچوئل پریس کانفرنس میں بتائی۔انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب اور طوفانی بارشوں کی وجہ سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر ہمدردی اور غم کا اظہار کیا اورکہاکہ بینک نے پہلے ہی خوراک کی فراہمی اور خیموں کی فوری خریداری کے لیے 30 لاکھ ڈالر کی گرانٹ فراہم کردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ انتہائی ضروری فوری امداد، متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے 500 سے لیکر700 ملین ڈالرتک کا پیکج بھی دیا جارہاہے جس کی منظوری رواں سال کے آخرمیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں معاشی طوپرکمزورطبقات پر خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور دیگر بیرونی جھٹکوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مزید 1.5 ارب ڈالر کی کائونٹر سائیکلیکل سپورٹ پر کارروائی کر رہا ہے۔

پاکستان میں سیلاب کے بعد کی امداد اور اقدامات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم مقامی حکومت اور دیگر بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے قریبی تعاون سے کام کر رہے ہیں تاکہ نقصانات کی ضروریات کے تخمینے کو حتمی شکل دی جا سکے جو کہ ممکنہ طور پر اگلے ماہ کے وسط تک مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آفات کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے ، پاکستان میں حالیہ سیلاب موسمیاتی تبدیلیوں کانتیجہ ہے، اس سیلاب سے 33 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 6 لاکھ کے قریب امدادی کیمپوں میں ہیں،سیلاب سے 1.7 ملین گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔