ایبٹ آباد۔ 28 فروری (اے پی پی):ایوب ٹیچنگ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر اطہر لودھی نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ آنے والے اٹینڈنٹ کیلئے زیر تعمیر انتظار گاہوں کا دورہ کیا۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کے اٹینڈنٹ کیلئے کھانے پینے اور آرام کیلئے نئے ویٹنگ ایریاز متعارف کروائے جا رہے ہیں جن کا باضابطہ افتتاح جلد کر دیا جائے گا۔ اسی حوالہ سے ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر اطہر لودھی نے گائنی، پیڈز اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس میں انتظار گاہوں کا دورہ کیا، دورہ کے دوران ان کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔
زیر تعمیر یہ انتظار گاہیں مردوں اور خواتین کیلئے الگ الگ دو حصوں پر مشتمل ہیں جو بہترین آرام کی سہولیات سے مزین ہیں۔ ہسپتال کے مینٹیننس کے سربراہ امین اﷲ گنڈا پور نے ڈاکٹر اطہر لودھی کو ویٹنگ ایریاز میں وسیع سہولیات کے بارے میں بتایا۔ مردوں اور خواتین کی انتظار گاہوں میں 400 کے قریب افراد رہ سکتے ہیں۔ ہسپتال ڈائریکٹر کی جانب سے مینٹیننس کے ہیڈ امین اﷲ گنڈا پور کو یہ ہدایات جاری کی گئی کہ پرانے ویٹنگ ایریا کو آوٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) کیلئے ایک نئی شکل میں تیار کیا جائے اور اس کے ساتھ تجدید شدہ جگہ میں نماز کیلئے ایک مسجد کی سہولت شامل ہو گی، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام زائرین کی روحانی ضروریات پوری ہوں۔
انہوں نے کہا اس کے ساتھ ایمرجنسی میں بھی زیر تعمیر نئی بلڈنگ میں فلٹر کلینک، ایمرجنسی سلپ کاونٹرز اور ویٹنگ ایریاز جلد مکمل ہو جائیں گے جس سے عوام کی مشکلات میں کافی حد تک کمی آئے گی۔ نئے ویٹنگ ایریاز کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر اطہر لودھی نے مریضوں کے ساتھ آنے والے اٹینڈنٹ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے ہسپتال کے عملہ پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اٹینڈنٹ کو تمام ضروری سہولیات اور خدمات فوری طور پر فراہم کی جائیں، ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں انتظار کی ان نئی جگہیں مریضوں کی دیکھ بھال اور آرام کیلئے ہسپتال انتظامیہ کے عزم کا اظہار ہے، حاضرین کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کا مقصد مریضوں اور ان کے اٹینڈنٹ دونوں کیلئے ہسپتال کے اچھے تجربہ کو بڑھانا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=443528