اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انٹیلی جنس بیورو ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی نے وفاقی دارالحکومت میں جدید ترین ایکسپو سینٹر کے قیام کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری اور آئی بی ای سی ایچ ایس کے سیکرٹری شجاعت اللہ قریشی نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیورو ایمپلائیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر طارق محمود نے کہا کہ وفاقی علاقے میں ایک جدید طرز کا ایکسپو سنٹر قائم کرکے ایک اہم قومی فریضہ ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو سینٹر معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس اہم منصوبے کے لیے آئی سی سی آئی اور آئی بی ای سی ایچ ایس کے درمیان جوائنٹ وینچر معیشت کو بہتر بنانے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے کو کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنا دے گا۔ انہوں نے برآمدات کو بڑھانے اور معیشت کی بحالی کے لیے مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن پر زور دیا۔ انہوں نے اس اہم منصوبے کے لیے آئی بی ای سی ایچ ایس کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ان کا ادارہ آئی سی سی آئی کے ساتھ جوائنٹ وینچرکی بنیاد پر یونیورٹی اور ہسپتال سمیت مزید منصوبے شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور آئی بی ای سی ایچ ایس کے درمیان جوائنٹ وینچر معیشت کی بہتری کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے کیونکہ ایکسپو سینٹر پاکستان کی قابل برآمد مصنوعات کی نمائش کرے گا اور برآمدات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور ترکی نے نمائشوں کے انعقاد سے اپنی برآمدات اور سیاحت کو فروغ دیا ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ ایکسپو سینٹر بھی پاکستان میں برآمدات اور سیاحت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔انٹیلی جنس بیورو ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری شجاعت اللہ قریشی نے کہا کہ ان کی سوسائٹی ایک مثالی جگہ پر واقع ہے اورمستقبل میں یہاں بہت سے نئے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایکسپو سینٹر کاروبار، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے بہت سی نئی راہیں کھولے گا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ چیمبر ایک عرصے سے خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے کوشاں ہے اور کہا کہ انٹیلی جنس بیورو ایمپلائیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کی بنیاد پر اس منصوبے پر بھی کام کیا جا سکتا ہے۔
آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور آئی بی ای سی ایچ ایس کے درمیان مشترکہ منصوبہ معیشت کی بحالی کے لیے ایک بہترین قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برآمدات کو بہتر فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے ۔
ظفر بختاوری، سابق صدر آئی سی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یو بی جی پاکستان نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ شعبے پر ٹیکس کم کر کے ترسیلات زر اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے لہذا حکومت اس کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو سنٹر میں دفاعی شعبے کی قابل برآمد مصنوعات کی نمائش کر کے ان کی برآمدات میں اضافہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ہسپتال، یونیورسٹی اور کالج سمیت دیگر منصوبوں کے لیے بھی آئی بی ای سی ایچ ایس کے ساتھ جوائنٹ وینچر قائم کرنا چاہے گا۔چیمبر کے سابق صدر خالد جاوید نے بھی خطاب کیا اور خطے میں ایکسپو سنٹر کے قیام کیلئے تعاون کرنے پر چیمبر اور آئی بی ای سی ایچ ایس کی انتظامیہ کا مبارک باد پیش کی۔