اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن ، تین ملزمان گرفتار

Rawalpindi Police
Rawalpindi Police

راولپنڈی۔16اکتوبر (اے پی پی): اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 5 مختلف کارروائیوں میں 108 کلو گرام منشیات برآمدکرکے 3 ملزمان کو گرفتارکر لیا ۔اے این ایف ترجمان کے مطابق سپر ہائی وے کراچی پر ایک کارروائی میں کوہاٹ کے رہائشی ملزم سے 24 کلو 400 گرام چرس برآمدکی گئی ۔ملزم کی نشاندہی پر کراچی کا رہائشی ساتھی ملزم بھی گرفتارکیا گیا ۔

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کوریئر آفس میں بھی ایک کامیاب کارروائی کی گئی ۔دبئی کے لئے بُک کئے گئے لکڑی کے ڈیکوریشن پارسل سے 180 گرام آئس برآمد کی گئی۔سبی روڈ کوئٹہ پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے دروازوں میں چھپائی گئی 30 کلو چرس برآمدکی گئی۔دورانِ کارروائی نصیر آباد کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا۔

ضلع چاغی اور کیچ میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی منشیات برآمدکی گئی۔25 کلو چرس ، 8 کلو ہیروئن، 1 کلو افیون، 30 گرام آئس اور 20 کلو گرام ممنوعہ مواد برآمدکی گئی۔ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔