بابرسلیم سواتی89ووٹ لے کردوتہائی اکثریت سے 22 ویں خیبرپختونخوااسمبلی کے16ویں سپیکرمنتخب

Babar Salim Swati
Babar Salim Swati

پشاور۔ 29 فروری (اے پی پی):تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار بابرسلیم سواتی89ووٹ لے کردوتہائی اکثریت سے 22 ویں خیبرپختونخوااسمبلی کے16ویں سپیکرمنتخب ہوگئے ہیں، انکے مدمقابل اپوزیشن سے پیپلز پارٹی کے امیدواراحسان اللہ میاں خیل نے17ووٹ حاصل کئے ۔

جمعرات کے روز اسمبلی اجلاس سپیکرمشتاق احمدغنی کی زیرصدارت منعقدہوا ۔اجلاس کے آغازپر مشتاق غنی نے نئے سپیکر وڈپٹی سپیکرکے انتخاب کےلئے نو منتخب ارکان اسمبلی کو طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اسمبلی کفایت اللہ نے ایوان کوبتایاکہ انکے پاس گزشتہ روز سپیکرانتخاب کےلئے احسان اللہ پی کے115 (تجویز کنندگان رشاد خان ،ارباب زرک خان )اوربابر سلیم سواتی پی کے37(تجویز کنندگان مرتضیٰ خان،محمدادریس)کے کاغذات نامزدگی موصول ہوئے جوکہ درست پائے گئے ۔سپیکرکے انتخاب کےلئے ۔

ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد سپیکر مشتاق غنی نے نتائج کاعلان کرتے ہوئے کہاکہ سپیکر کے انتخاب کےلئے کل 106ووٹ ڈالے گئے، سب درست قرارپائے اور کوئی مسترنہیں ہوا،بابرسلیم سواتی نے 89ووٹ جبکہ احسان اللہ نے 17ووٹ لئے جن اراکین اسمبلی نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیاان میں سجاد اللہ،اعجاز محمد،میاں محمدعمر،محمدریاض، عدنان خان ،اکرم درانی،محمداقبال،مخدوم زادہ محمدآفتاب حیدر،لطف الرحمن،ریحانہ اسماعیل،عاصمہ عالم شامل ہیں بعدازاں نئے سپیکربابرسلیم سواتی نے اپنے عہدے کاحلف اٹھایاجس کے بعد وہ سپیکرکی کرسی پربراجمان ہوگئے۔