بلوچستان کی ترقی کیلئے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کی ضرورت ہے،سرفراز احمد بگٹی

Sarfraz Ahmed Bugti
Sarfraz Ahmed Bugti

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی): نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہاہےکہ بلوچستان کی ترقی کیلئے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کی ضرورت ہے،سیاسی عزم اور استعدادکار میں اضافہ سے صورت حال میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بلوچستان رورل ڈیویلپمنٹ اینڈ کمیونٹی ایمپاورمنٹ(ایمبریس)پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کے انعقاد پر پاکستانی بالخصوص بلوچستان کے عوام کی جانب سے یورپی یونین اور دیگر شراکت داروں کے شکر گزار ہیں۔اس پروگرام کے ذریعے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔یورپی یونین کو ایسے پروگراموں کا سلسلہ مزید جاری رکھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے۔صوبے کی عوام کی ترقی کے لئے ان وسائل سے بھرپور استفادہ کی ضرورت ہے۔سیاسی عزم اور استعداد کار میں اضافے سے صورت حال میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر متوازن ترقی تمام ترقی پذیر ممالک کا مسئلہ ہے۔تشدد یا اس پر سیاست مسئلہ کا حل نہیں۔انہوں نے کہا کہ سوچنے کی بات ہے ہم نے اپنی نسل نو کی ترقی کیلئے کیامنصوبہ بندی کی ہے۔اس پر سیاست کی جارہی ہے اور اسے کرپشن کا منبع بنا دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنا احتساب کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ میرا دیہی علاقے سے تعلق ہے۔ریاست نے موقع دیا تو محنت سے اس مقام پر پہنچا ہوں۔محنت سے ہر فرد کو مواقع اور کامیابی ملتی ہے ۔دوردراز سے آنے والی خواتین کو بھی ان کی محنت سے آگے آنے کا موقع ملا ہے۔