اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق جارج خلیل نے کہا ہے کہ بچوں کے عالمی دن کے موقع پر “زارا الرٹ ایپ” کا اجراء انتہائی خوش آئند ہے، گمشدہ بچوں کی بازیابی میں یہ ایپ معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں بچوں کے عالمی دن کے موقع پر “زارا الرٹ ایپ ” کے اجراء کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ آج نہایت خوشی کی بات ہے کہ 2021 سے زارا ایپ کا جو قانون بنا تھا ،آج ہم اس کا اجراء کرنے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے بنیادی حقوق کی پاسداری کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ ان کی فلاح وبہبود اور آزادی اور شعور دینا ہم سب کی اولین زمہ داری ہے۔ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے سب سے زیادہ واقعات ہمارے ہمسایہ ملک میں ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان بچوں کیلئے ماں باپ کی حیثیت رکھتی ہے اور یہی بچے آگے چل کر اس کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں ۔ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ ہمارے بچوں میں بہت ساری صلاحیتیں ہیں جنہیں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہم سب کا فرض ہے کہ ان کا ہاتھ تھامیں اور معاشرے کا ایک مہذب شہری بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں ہر بچے کے چہرے کی مسکراہٹ کا سبب بننا چاہے اور انھیں اپنے ہی بچوں کی طرح سمجھیں کیونکہ یہ ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ بچے بڑے ہو کر ملک کا سرمایہ بنیں گے۔ کوئی بچہ آرمی میں جائے گا، کوئی سیاست میں آئے گا اور کوئی ڈاکٹر بنے گا۔ انہی بچوں سے ہم نے بڑے بڑے کام کروانے ہیں۔ معاشرے میں بچوں کو آگے لانا ہر ماں باپ کا فرض ہے۔ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت یہ بچے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج کا یہ نعرہ کہ “ہر بچے کے لئے، ہر حق” ایک بہت خوب صورت نعرہ ہے۔ اس نعرے کو لیکر گھر گھر جائیں، اس طرح سے ہم آنے والی نسلوں کے لیے بہتر کام کر سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بچوں کا عالمی دن میرے دل کے بہت قریب ہے۔ وزارت انسانی حقوق نے بچوں کے حقوق کے تحفظ و فروغ کیلئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں ۔ انھوں نے ملک میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کی بازیابی کے لیے زارا ایپ بہت موئثر ثابت ہو گی۔ یہ ایپ براہِ راست تھانوں سے منسلک ہو گی اور چوبیس گھنٹے کام کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ ہمارا وقت محدود ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ وزارت انسانی حقوق نگران وزیراعظم کی قیادت میں ایسے اقدامات کر جائے کہ لوگ ہمیں یاد رکھیں۔