موہالی۔21ستمبر (اے پی پی):بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل(جمعہ کو) پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن آئی ایس بندرا سٹیڈیم، موہالی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔
آسٹریلوی ٹیم ان دنوں بھارت کے دورہ پر ہے اور مہمان کینگروز ٹیم اپنے دورہ بھارت کے دوران بھارتی ٹیم کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز جبکہ پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں میزبان بھارتی ٹیم مایہ ناز بلے باز لوکیش راہول کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ آسٹریلوی ٹیم کو مایہ ناز آل رائونڈر پیٹ کمنز لیڈ کریں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ 24 ستمبر کو اندور میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 27 ستمبر کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کے تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔