بھارت نے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے ہراکر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

Ranchi Test Match
Ranchi Test Match

رانچی۔26فروری (اے پی پی):بھارت نے رانچی ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 5وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ، بھارتی ٹیم نے انگلش ٹیم کی طرف سے ملنے والا 192 رنز کا ہدف میچ کے چوتھے روز نہ صرف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے مہمان برطانوی ٹیم کو میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے دی بلکہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری بھی قائم کرلی۔ دھرو جریل نے میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

دھرو جریل کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پیر کو رانچی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 40 رنز بغیر کسی نقصان پر دوبارہ شروع کی تو کپتان روہت شرما 24 اور یشسوی جیسوال 16 پرناٹ آئوٹ تھے۔ یشسوی جیسوال 37 رنز بناکر جوروٹ کی گیند پر جیمز اینڈرسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے،کپتان روہت شرما اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 55 رنز بناکر ٹام ہارٹلی کی گیند پر بین فوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔رجت پاٹیدارکوئی رن بنائے بغیرشعیب بشیر کی گیند پر اولی پاپ کے ہاتھو کیچ آئوٹ ہوگئے،راویندرا جدیجہ 4رنز بناکر شعیب بشیرکی گیند پر جونی بائرسٹو کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

سرفراز خان بھارت کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو کوئی رن بنائے بغیر شعیب بشیر کی گیند پر اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔شبمن گل 52 اور دھرو جریل 39 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ، یوں بھارت نے مہمان برطانوی ٹیم کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ انگلینڈ کی طرف سے شعیب بشیر نے تین جبکہ ٹام ہارٹلی اور جوروٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ دھرو جریل کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔