بیلاروس کی بڑی کمپنیوں کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

نوشہرہ ، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے ماہر امراض قلب نے سٹینوز والو کی شکایت کے ساتھ کامیاب کارڈیو آپریشن کردیا

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) بیلاروس کی بڑی کمپنیوں کے ایک وفد نے بیلاروس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین ولادیمر اولاخو ویچ کی قیادت میں بدھ کواسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان کے نجی شعبے کے ساتھ کاروباری تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں توانائی، ٹیکسٹائل، آٹوموبائل، لاجیسٹک، زرعی و صنعتی مشینری، کیمکلز اور پیٹرو کیمکلز، تیل و گیس اور کلاتھ و فٹ ویئر تیار کرنے والی کمپنیوں کے نمائندگان شامل تھے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بیلاروس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین ولادیمر اولاخو ویچ نے کہا کہ بیلاروس اعلیٰ ٹیکنالوجی کا حامل ملک ہے اور پاکستان بیلاوس کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات قائم کر کے اپنی معیشت کیلئے متعدد فوائد حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے مابین سیاسی سطح پر انتہائی شاندار تعلقات قائم ہیں یہی وجہ ہے کہ بیلاروس کے صدر بھی اس موقع پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ بہترین سیاسی تعلقات کو دونوں ممالک کے مابین مضبوط تجارتی و اقتصادی تعلقات میں تبدیل کیا جائے جس سے دونوں ملکوںکیلئے زیادہ فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ اس موقع ہیوی ڈیوٹی گاڑیوں، ٹرکوں، ٹریکٹرز اور زرعی مشینری سمیت بیلاروس کی متعدد مصنوعات کے بارے میں ویڈیو پریزنٹیشنز بھی دی گئیں جن کو بے حد سراہا گیا۔