تاجروں اورسپر سٹورز کوٹیکس مینجمنٹ کو ترجیح دینا ہو گی،صدر فیصل آباد چیمبر

Faisalabad Chamber of Commerce and Industry
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry

فیصل آباد۔ 15 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ تاجروں کو بالعموم اورسپر سٹورز کو بالخصوص ٹیکس ادا کرتے ہوئے ٹیکس مینجمنٹ کو ترجیح دینا ہو گی۔

انہوں نے شاہد ممتاز باجوہ کی زیر قیادت سپر سٹورز ایسوسی ایشن اور سٹی ڈویلپمنٹ بارے چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہر کی ترقی کے لئے سپر سٹورز ایسوسی ایشن کی خدمات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ٹیکس ادائیگی کی چین مکمل نہیں وہاں سے مال خریدنے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے سپر سٹورز کے ٹیکس سے متعلقہ مسائل کو فوری حل کرانے کا یقین دہانی کرائی ۔

ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ رکھ برانچ نہر کے کناروں سے سرکنڈے ہٹانے کے لئے بھی انہیں سٹورز مالکان کے تعاون کی ضرورت ہو گی۔ دونوں قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین شاہد ممتاز باجوہ نے بتایا کہ ان کے جائز مسائل کے حل کے لئے ایف بی آر کو خط لکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سپر سٹورز کے ارکان نے سیلاب، زلزلے اور شہر کی ترقی کے لئے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ آخر میں قائمہ کمیٹیوں کے ممبران نے صدرچیمبر ڈاکٹر خرم طارق کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔