پونے۔1نومبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مسلسل 8ویں مرتبہ 300 سے زائد رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا، اس سے قبل یہ اعزاز آسٹریلیا کے پاس تھا۔ بدھ کے روز پونے میں ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 357 رنز کی اننگز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے 2007ء میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مسلسل 7 میچوں میں 300 سے زائد رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
انگلش ٹیم 2019ء میں 7 مرتبہ مسلسل 300 سے زائد رنز بنا چکی ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ رواں ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ مرتبہ 350 سے زائد رنز بنانے والی ٹیم بھی بن گئی ہے، اس نے رواں ورلڈکپ کے دوران چار مرتبہ 350رنز کا ہندسہ عبور کیا جبکہ جنوبی افریقن ٹیم نے ورلڈکپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں زیادہ مرتبہ 350پلس سکور بنانے کا آسٹریلیا کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے، دونوں ٹیمیں اب تک نو، نو مرتبہ یہ کارنامہ سرانجام دے چکی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=407287