پونے۔1نومبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ کے سٹار کرکٹر کوئنٹن ڈی کوک نے رواں ورلڈ کپ میں اپنی چوتھی سنچری مکمل کرلی، وہ ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں 4 سنچریاں بنا کر سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کے ہم پلہ ہوگئے ہیں۔ بدھ کے روز پونے میں ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈی کوک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 114 رنز کی اننگز کھیلی، یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی 21 ویں اور رواں ورلڈ کپ کی چوتھی سنچری ہے ،
ڈی کوک کو بھارتی کپتان روہت شرما کا ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے کے لئے مزید ایک سنچری درکار ہے، روہت شرما نے 2019ء ورلڈ کپ میں 5 سنچریاں سکور کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیاتھا۔ ڈی کوک رواں ورلڈ کپ کی 7 اننگز میں 77.85 کی اوسط سے 545 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر بھی ہیں۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 413 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔