حکومت ملک کی معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔گورنر پنجاب

حکومت ملک کی معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔گورنر پنجاب

لاہور۔8اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے پیر کے روز گورنر ہائوس لاہور میں نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عدنان خالد بٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نائب صدر نے گورنر پنجاب کو صنعت و تجارت کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت ملک کی معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں بزنس کمیونٹی کا اہم کردار ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صنعتوں کا پہیہ چلتا ہے تو ملک میں سماجی اور اقتصادی ترقی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل بنائی ہے جس سے ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں بہتری آ رہی ہے۔محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کو فروغ دے کر ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عدنان خالد بٹ نے گورنر پنجاب کو انڈسٹری کو درپیش مختلف مسائل انرجی بحران ،اوور بلنگ، مصطفی آباد اور قصور کے قریب انڈسٹریل ایریا میں صفائی کی ناقص صورتحال سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے تاجر برادری کو درپیش مسائل متعلقہ محکوں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔