خام تیل کی درآمد میں جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 50 فیصد کمی ہوئی،ادارہ شماریات

خام تیل کی درآمد میں جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 50 فیصد کمی ہوئی،ادارہ شماریات

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):خام تیل کی درآمدمیں جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 50 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں خام تیل کی درآمد پر 456 ملین ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 50 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خام تیل کی درآمد پر 905 ملین ڈالرزرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

اگست میں خام تیل کی درآمد کا حجم 407 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 14 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال اگست میں خام تیل کی درآمدات پر 473 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ جولائی کے مقابلے میں اگست میں خام تیل کی درآمد میں ماہانہ بنیاد پر 718 فیصد کمی ہوئی ۔ جولائی میں خام تیل کی درآمد کا حجم 50 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو اگست میں بڑھ کر 407 ملین ڈالر ہو گیا۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات کا حجم 2.171 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 34 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات کا حجم 3.302 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔