پشاور۔8جون (اے پی پی):خیبرپختونخوا کےمزدوروں، کسانوں، ماہرین تعلیم، ماہرین اقتصادیات، قبائلی عمائدین، پنشنرز اور سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف کے خیبرپختونخواکے عوام کے لیے کم قیمت گندم کا آٹا فراہم کرنےکے اقدام کو سراہا ہے۔
خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے سستے آٹے کے آغاز کوسراہتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے رکن صوبائی اسمبلیاختیار ولی خان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس تاریخی اقدام کے لیے خیبرپختونخوا کے لاکھوں لوگوں کے دل اور دماغ جیت لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے حکم پر خیبرپختونخوا میں 40 روپے فی کلو آٹے کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے اور عوام کو یہ آسانی سے مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 100 موبائل اسٹورز نے خیبرپختونخوا کے رہائشیوں کو سستے آٹے کی فراہمی کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو تیز رفتار اور منظم سستی آٹے کی فراہمی کے لیے صوبے کو ایبٹ آباد اور پشاور کے زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں اس سہولت کو پورے صوبے تک بڑھا دیا جائے گا۔مسلم لیگ (ن)خواتین ونگ کی صوبائی صدر صوبیہ شاہد نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کے پی کے عوام سے ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد اور پشاور زون میں سبسڈی والے آٹے کے 50,000 سے زیادہ تھیلے فروخت ہوئے۔ ایبٹ آباد میں تقریباً 22,070 آٹے کے تھیلے فروخت ہوئے جبکہ پشاور زون میں 23,400 سے زائد تقسیم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ 13 جون تک موبائل اسٹورز کی تعداد 200 تک بڑھا دی جائے گی تاکہ ہر مستحق شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکے۔
صوبیہ نے کہا کہ پہلے سے قائم عارضی آٹے کی فروخت کے پوائنٹس صوبے میں 9 جون سے 17 جون تک فعال رہیں گے اور ان کی تعداد بڑھا کر 500 کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کی زندگیوں میں آسانی لانے کے عمل کو جاری رکھے گی اور ترقیاتی عمل کی بحالی کے عمل جو کے پی میں پچھلے آٹھ سالوں سے رکا ہوا تھا اب عوام کو تیزی سے ریلیف فراہم کرنا شروع کر دیا ہے۔
صوابی یونیورسٹی اکنامکس ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر محمد نعیم نے کہا کہ غریب لوگوں کی محنت کی کمائی کا زیادہ تر حصہ آٹا اور کچن کی اشیاءمیں استعمال ہو تاہے، وزیر اعظم کا ریلیف پیکج خیبرپختونخوا کے لوگوں کے لیے بہت بڑی نعمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ریلیف پیکج سے صوبے کے لاکھوں افراد براہ راست مستفید ہوں گے۔ ڈاکٹر نعیم نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے شروع کی گئی مثبت معاشی اصلاحات اور پالیسیوں کے تھوڑے ہی عرصے میں نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور لوگوں کو سستی گندم کی فراہمی اس اثر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ریٹائرڈ انفارمیشن آفیسر میصل خان نے کہا کہ پنشنرز اور بیوائوں کے علاوہ مزدوروں اور تنخواہ دار طبقے کو بھی وزیر اعظم کے ریلیف پیکیج سے زیادہ فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے لوگ وزیر اعظم شہباز شریف کے دل کے بہت قریب ہیں جس کا ثبوت شانگلہ کے عوام کے لیے ان کا 2 ارب روپے کا تاریخی ترقیاتی پیکج اور اب سستا آٹا پیکج ہے۔قبائلی عمائدین ملک اصغر جان آفریدی اور ملک مجتا خان داوڑ نے بھی وزیراعظم کے آٹے پیکج کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لوگوں کے لیے بھی بڑی نعمت قرار دیا ۔