دنیا کو مقام دانش، امن اور معاشی و سماجی ترقی کا مرکز بنانے میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے، صادق سنجرانی

Chairman Senate
Chairman Senate

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ملک بھر کے اساتذہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کرام کا نہ صرف قوموں کی تعمیر میں اہم کردار ہے بلکہ دنیا کو مقام دانش، امن اور معاشی و سماجی ترقی کا مرکز بنانے میں بھی ان کا کلیدی کردار ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اساتذہ زندگی بھر کیلئے تدریس کے شعبے کا انتخاب کر کے نوجوان نسل کے دل و دماغ پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں اور انہیں معاشرے کے کار آمد فرد بناتے ہیں، قومیں نئی نسل میں اپنی اقدار و روایات کی تشکیل جن اداروں کے ذریعے کیا کرتی ہیں ان میں اساتذہ سرفہرست ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حال ہی میں قائم کردہ ایجوکیشن پارلیمنٹرینز کاکس (ای پی سی ) ملک بھر میں تعلیم کے فروغ کے لئے سینیٹ کے عزم کو مزید واضح کرتا ہے جس کا مقصد پاکستان میں تعلیم سب کے لئے کو فروغ دینا ہے اور تعلیم یافتہ معاشرے کی حمایت اور اس کے لئے کام کرنا ہے، اساتذہ کے بنیادی اہم کردار کو تسلیم کرنا، سینیٹ میں ای پی سی کے ذریعے قوم کے لئے ایک مضبوط تعلیمی نظام کو فروغ دینے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ حروف شناسی سے لے کر قومی و ملی امنگوں سے ہم آہنگ کرنے تک اساتذہ کا کردار غیر معمولی ہوتا ہے، تدریس کا عمل کائنات کے آغاز سے اب تک سب سے مقدم تصور کیا جاتا ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ اساتذہ کرام کو پہلے سے بھی زیادہ عزت و تکریم دیں۔