رائے ریاض حسین کی خود نوشت ’’رائے عامہ‘‘ کے عنوان سے شائع ہو گئی

لاہور۔13جولائی (اے پی پی):پاکستان کے چار وزرائے اعظم کے پریس سیکرٹری رہنے والے سابق سرکاری آفیسر رائے ریاض حسین کی خودنوشت سوانح عمری ’’رائے عامہ‘‘ کے نام سے شائع ہو کر مارکیٹ میں دستیاب ہے۔

اقتدار کے ایوانوں کے سربستہ رازوں کو بے نقاب کرتی یہ خود نوشت سوانح پاکستان کے معروف اور بڑے اشاعتی ادارے قلم فائونڈیشن انٹرنیشنل نے شائع کی ہے۔ جس میں لاتعداد دلچسپ واقعات، بے رحم حقائق اور پاکستانی سیاست کے نشیب و فراز کی ایسی پوشیدہ کہانیاں رقم ہیں جن سے پاکستانی عوام ہمیشہ لاعلم رہتے ہیں ۔

رائے ریاض حسین نے بہت دلیرانہ انداز میں محلاتی سازشوں کا پردہ چاک کیا ہے۔ وہ اپنی سروس کے دوران پاکستان کے چار وزرائے اعظم کے پریس سیکرٹری اور تین ممالک ، جاپان، سری لنکا اور بھارت میں پریس کی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔

دوران ملازمت انہوں نے اقتدار کی راہداریوں میں کھیلے جانے والے بہت سے کھیل اپنی باشعور آنکھوں اور باوقار سماعتوں سے دیکھے اور سنے۔ معروف صحافی حامد میر کی رائے میں رائے ریاض حسین کی انفرادیت اُن کی سادگی اور عاجزی رہی ہے۔

وہ وزیراعظم کے سامنے بڑے ادب کے ساتھ حق بات کہہ جاتے اور یس سر یس سر نہیں کرتے تھے۔ اس خود نوشت میں جہاں رائے صاحب نے ملکی سیاست، سفارتی تعلقات وزرائے اعظم کے ساتھ اپنی ملازمت کے مشاہدات اور تجربات بیان کیے ہیں وہیں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے شب و روز کو بھی بلاکم و کاست لکھ کر ایک سچے اور کھرے قلم کار اور ہمیشہ پاکستان کی ترقی خوشحالی اور عروج کے خواہاں رہے ہیں۔

اس اہم اور دلچسپ کتاب میں آپ کو جن اہم اور معروف لوگوں کا تذکرہ اور احوال پڑھنے کو ملے گا، ان میں میاں نواز شریف، کیپٹن صفدر، شہباز شریف، چودھری شجاعت اور چودھری نثار علی خان، میر ظفر اللہ خان جمالی، محمد سعید مہدی، رائے ریاض حسین کی والدہ اور دیگر بہت سے ایسے لوگوں کے نام شامل ہیں جنہیں ہم اور آپ دور سے دیکھتے رہے ہیں، لیکن فاضل مصنف نے انہیں بہت قریب سے دیکھا اور ان کے ساتھ کام کیا ہے۔

تاریخ کے اوراق سے سجی اس خودنوشت میں 12 اکتوبر1999ء کو پیش آمدہ واقعات بھی ملتے ہیں اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر سے حکمرانوں کے ناروا سلوک کا نوحہ بھی، سرابوں کے پیچھے بھاگتے عوام کے لیے پیغام بھی ہے اور طاقت اور کرسی کے فریب میں مبتلا حکمرانوں کے لیے سبق بھی۔

یہ دلچسپ سوانح قلم فائونڈیشن انٹرنیشنل کے دفتر یثرب کالونی بینک سٹاپ والٹن روڈ پر دستیاب ہے یا اس پتا پر خط لکھ کر اپنا آرڈر بک کرایا جا سکتا ہے۔ فون نمبر 0515101 -0300 پر کال کے ذریعے بھی یہ کتاب طلب کی جا سکتی ہے اور ای میل qalamfoundation2@gmail.com پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ خوبصورت جلد، دلکش ٹائٹل، عمدہ کاغذ اور بہترین طباعت کے ساتھ کتاب کی قیمت بہت مناسب ہے۔ کتاب پاکستان کے ہر بڑے بک سٹال پر دستیاب ہے۔