راجہ پرویز اشرف نے شاہراہ جمہوریت پر یادگار دستور اور باغ دستور کا افتتاح کر دیا

Raja Pervaiz Ashraf
Raja Pervaiz Ashraf

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پارلیمنٹ ہائوس اور پارلیمنٹ لاجز کے سامنے شاہراہ جمہوریت پر یادگار دستور اور باغ دستور کا افتتاح کر دیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مونومنٹ کا بھی افتتاح کیا ۔ بدھ کو افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج کا دن میرے لیے بڑے اعزاز کا باعث ہے، یادگار دستور کا قیام احسن اقدام ہے، یادگار دستور کی تعمیر کا مقصد عوام الناس کو اپنے پارلیمان اور آئین سے جوڑے رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ہماری عظمت اور توقیر کا نشان ہے، آج کے دن کو تاریخ میں یادگار دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، پاکستان کی عوام کے لیے یادگار دستور اور باغ دستور تحفہ ہے، آئین پاکستان کی تشکیل شہید ذوالفقار علی بھٹو کا پوری قوم پر بڑا احسان ہے، آئین پاکستان ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے،

شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ آئین دیا، شاہراہ دستو پر قائم ‘یادگار دستور ‘ ہر وقت اراکین پارلیمنٹ کی نظر کے سامنے ہوگی، یادگار دستور اور باغ دستور عوام کے لیے ایک تفریحی مقام کے طور پر کھلا رہے گا۔سپیکر قومی اسمبلی نےشہریوں کو یادگار دستور کا دورہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یادگار دستور کا دورہ کرنے والے افراد آئین سے متعلق آگاہی حاصل کرسکیں گے، یادگار دستور اور باغ دستور کی تعمیر میں حصہ لینے والے تمام افراد ہمارے ہیرو ہیں، پاکستان کی 16ویں قومی اسمبلی وجود میں آنے جا رہی ہے۔سپیکر نے 16ویں قومی اسمبلی کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔