رنگ روڈ پراجیکٹ پر بننے والے انڈسٹریل زونز راولپنڈی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوں گے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا رنگ روڈ منصوبہ کا دورہ

Chief Minister Maryam Nawaz
Chief Minister Maryam Nawaz

راولپنڈی۔29فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ رنگ روڈ پراجیکٹ راولپنڈی کے عوام کی آمدورفت میں آسانی کے لیے ناگزیر ہے،اس پراجیکٹ پر بننے والے انڈسٹریل زونز راولپنڈی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوں گے، انڈسٹریل زونز بننے سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا،منصوبہ کی تکمیل کے لئے دو سال کا وقت مقرر ہے ، ڈیڈلائن سے قبل مکمل کرنے کے لئے ہرممکن کو شش کی جائے گی، عوامی فلاح کے اہم ترین منصوبے کی تکمیل میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمعرات کو راولپنڈی رنگ روڈ کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر نیسپاک اور ایف ڈبلیو او حکام نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ پر پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ ستمبر 2023 میں شروع ہوا اور فروری 2025 تک تمام تعمیر مکمل ہو جائے گی ، 38.3 کلو میٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر کےلئے راستے میں موجود سٹرکچرز کو ہٹا دیا گیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رائٹ آف دی وے میں آنے والی یوٹیلیٹی سروسز کو ہٹانے کا کام جاری ہے اور 24 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ راولپنڈی رنگ روڈ پر پانچ انٹر چینجز، 11 اوور پاس، 2 ریور ،6 نالہ اور 1 ریلوے برج جبکہ 15 سب وے اور 53 کیلوریز بنائے جائیں ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ دسمبر تک راولپنڈی رنگ روڈ ورک مکمل کیا جائے اورپراجیکٹ میں تعمیراتی معیار ہر صورت یقینی بنا یا جائےگا ،کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ مریم نواز نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ انٹر چینج کے نام متعلقہ گائوں کے نام سے منسوب کیے جائیں۔ سابق سینیٹر پرویز رشید ، ارکان اسمبلی مریم اورنگ زیب ، عظمیٰ بخاری، ثانیہ عاشق ، چیف سیکرٹری ، متعلقہ سیکرٹریز ، کمشنر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔