روس کے ساتھ توانائی اور بارٹر تجارت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں ،صدر مملکت آصف علی زرداری

President Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ توانائی اور بارٹر تجارت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں ،روس پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے روسی بنکوں کو پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کی ترغیب دے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریو سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جمعرات کو یہاں صدر مملکت سے ملاقات کی تھی ۔ صدر مملکت نے روس کے ساتھ ثقافتی شعبے بالخصوص ٹی وی اور فلمز میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔صدر مملکت نے سفیر کو روسی صدر کیلئے دوبارہ منتخب ہونےپر مبارکباد، نیک تمناؤں کا پیغام دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صدر پیوٹن کی قیادت میں روس تیز تر معاشی ترقی کرے گا،

عالمی امن کو فروغ حاصل ہوگا ۔صدر مملکت کا ماسکو میں 22 مارچ کے دہشت گرد حملے میں 130 معصوم جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ۔روسی سفیر نے کہا کہ روس پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کا خواہشمند ہے ،

دونوں ممالک مشترکہ امور بشمول انسدادِ دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ پر تعاون کررہے ہیں،روس پاکستان کے ساتھ موجودہ تجارتی حجم کو دو گنا کرنا چاہتا ہے ۔روسی سفیر نےماسکو میں 22 مارچ کے دہشت گرد حملے کی مذمت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔روسی سفیر نے صدر آصف علی زرداری کو صدر پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔