سرگودھا۔17ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک پاور کمپنی (فیسکو)ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن دسویں روز بھی جاری رہا۔سپرنٹنڈنٹ انجینئر فیسکو سرگودھا سرکل عصمت اللہ خان کی ہدایت پر سرکل کے چاروں اضلاع سرگودہا،خوشاب، میانوالی اور بھکر میں ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بھرپورآپریشن کیا گیا۔ایس ای فیسکو عصمت اللہ خان کے مطابق ضلع سرگودھا میں 111 بجلی چوروں کو2لاکھ 69ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں ایک کروڑ31لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا۔
اسی طرح ضلع خوشاب میں 28بجلی چوروں کو تقریباً71ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس کی مدمیں 31لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا۔ضلع میانوالی میں 75بجلی چوروں کو ایک لاکھ63 ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں 60 لاکھ 93ہزارروپے جرمانہ عائدکیاگیا۔اسکے علاوہ ضلع بھکر میں اب تک 81بجلی چوروں کو 2لاکھ 23 ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں ایک کروڑ27لاکھ جرمانہ عائدکیا۔
ایس ای فیسکو عصمت اللہ خان کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات بھی درج کروادئیے گئے ہیں۔سپرنٹنڈنٹ انجینئر عصمت اللہ خان کے مطابق فیسکو آپریشنل ملازمین کی ہفتہ اتوار کی چھٹیاں اس ضمن میں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ آپریشن کا تسلسل جاری رہے۔