سرگودھا میں ”ایک درخت پاکستان کے لیے“ جاری مہم میں گورنمنٹ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ سلانوالی روڈ کے طلباء بھی شامل

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کا شاہ عالم تحصیل کلورکوٹ کا دورہ

سرگودھا ۔24ستمبر (اے پی پی):سرگودھا میں ”ایک درخت پاکستان کے لیے“ جاری مہم میں گورنمنٹ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ سلانوالی روڈ کے طلباء بھی شامل ہوگئے، اس حوالے سے ایک تقریب میں کالج کے سینکڑوں طلباء نے کمشنر محمد اجمل بھٹی کی قیادت میں پودے لگائے گئے، تقریب میں ڈائریکٹر ٹیوٹا محمد یار، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا آمنہ احسان تارڈ اور پرنسپل طاہر نوید کے علاؤہ اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر کالج کے سبزہ زار اور باہر سٹرک کنارے سو سے زائد پودے لگائے گئے۔ کمشنر نے ایک پودا پاکستان مہم کا طلباء وطالبات کو سفیر قرار دیتے ہوئے انہیں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو استعمال میں لاتے ہوئے یہ پیغام دوسروں تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ پودوں کو تناو درخت بننے تک ان کی حفاظت کریں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو خاص طور پر تاکید کی کہ وہ اپنی تحصیل میں سب سے زیادہ پودے لگا کر دیگر کو پیچھے چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ پودے لگانے والے افسران، عام شہریوں اور خصوصاً طلباء و طالبات کو تعریفی سرٹیفکیٹ سمیت دیگر انعامات سے نوازا جائے گا۔ کمشنر محمد اجمل بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں اس بات کا اعتراف کیا جا رہا ہے کہ تیز رفتار ترقی کے ساتھ آلودگی کا جو زہر آہستہ آہستہ کرہ ارض کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ اس سے انسانی زندگی کو سب سے زیادہ خطرہ ہے اور اس کے لئے سب سے اہم عنصر درختوں اور پودوں کی کٹائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت جتنے زیادہ ہوں گے وہاں کی آب و ہوا اتنی ہی صاف و شفاف ہو گی۔

قدرت نے ان میں جو اوصاف رکھے ہیں اس کی بدولت یہ فضائی آلودگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے چلے آ رہے ہیں اور جیسے جیسے دنیا ترقی کر رہی ہے ماہرین اس بات کا برملا اعتراف کررہے ہیں کہ صحت مند ماحول کے لئے درخت کی اہمیت بڑھتی چلی جارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جن شہروں میں زیادہ آبادی کے ساتھ فیکٹریوں کی بھی بہتات ہے اور وہاں درخت کم ہیں۔

ان علاقوں کے مکینوں کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے اور جن علاقوں میں درختوں کی بہتات ہے وہاں نہ صرف ماحول خوشگوار ہوتا ہے بلکہ اس کے مثبت اثرات انسانی زندگیوں پر بھی پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج درختوں کی اہمیت کے پیش نظر دنیا بھر میں درخت اور پودوں کو لگانے کی مہم چلائی جاتی ہے اور عوام کو اس کی اہمیت سے آگاہ کیا جاتا ہے۔