سری لنکا نے افغانستان کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا

سری لنکا نے افغانستان کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا

پالے کیلی۔14فروری (اے پی پی):سری لنکا نے افغانستان کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کرلیا، مہمان ٹیم نے افغانستان کا267 رنز کا ہدف 36ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، پاتھم نسانکا نے118رنز کی بہترین اننگز کھیلی، اس شاندار پرفارمنس پر نسانکا کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بدھ کے روز پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 48.2 اوورز میں 266 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، اوپننگ بلے باز رحمان اللہ گرباز نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، رحمت شاہ اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں سکور کیں، رحمت شاہ 65 اور عظمت اللہ عمرزئی 54 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، دیگر بلے بازوں میں اکرم علی خیل 32، محمد نبی 14 اور قیس احمد 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

سری لنکا کی طرف سے پرامود مدوشن نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسیتھا فرنینڈو، دنیتھ ویلالاگے اور اکیلا دھننجیا نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سری لنکا نے افغانستان کا 267 رنز کا ہدف آسان مقابلے کے بعد 3 وکٹوں کے نقصان پر 36 ویں اوور میں حاصل کرلیا، اوپننگ جوڑی نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا شاندار انداز میں آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 173 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔

پاتھم نسانکا نے اپنی شاندار فارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ون ڈے کیریئر کی پانچویں سنچری سکور کی، وہ 118 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اویشکا فرنینڈو 66 بالوں پر 91 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کپتان کوسل مینڈس نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ افغان بائولر قیس احمد نے دو اور محمد نبی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس فتح کے بعد سری لنکا نے مہمان ٹیم کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کرلیا ہے۔