سعودی ریکروٹمنٹ کمپنیوں کے تمام مسائل کے حل کے لیے وزارت اوورسیز پاکستانیز نے نیا سعودی ڈیسک قائم کر دیا ہے،جواد سہراب ملک کا دورہ تمکین

سعودی ریکروٹمنٹ کمپنیوں کے تمام مسائل کے حل کے لیے وزارت اوورسیز پاکستانیز نے نیا سعودی ڈیسک قائم کر دیا ہے،جواد سہراب ملک کا دورہ تمکین

ریاض ۔26نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک نے پاکستان سے افرادی قوت کی تیزی سے برآمد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی ریکروٹمنٹ کمپنیوں کے تمام مسائل کے حل کے لیے وزارت اوورسیز پاکستانیز نے پاکستان میں نیا سعودی ڈیسک قائم کر دیا ہے، سعودی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستانی کارکنوں اور پیشہ ور افراد کی مہارت کی سطح کو بڑھانے میں سعودی کمپنی معاونت کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی ہیڈ آف مشن معظم علی، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی، ڈی جی بیورو آف امیگریشن اور جوائنٹ سیکرٹری امیگریشن کے ساتھ تمکین ایچ آر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزارت سمندر پار پاکستانیز کی طرف سے اتوارکو جاری بیان کے مطابق اس موقع پر چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) تمکین فارس الحانکی نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے معاون خصوصی کوکمپنی کے کام کے بارے میں بریفنگ دیاور بتایا کہ صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں خاص طور پر پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے افرادی قوت کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ تمکین پاکستان سے افرادی قوت کی درآمد کو بڑھانے کے لیے وزارت اورسیز پاکستانیز اور دیگر کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون اور مشغولیت کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مہمان نوازی کا شعبہ ایک اور ممکنہ شعبہ ہے جس کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ معاون خصوصی نے پاکستان سے افرادی قوت کی تیزی سے برآمد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سعودی ریکروٹمنٹ کمپنیوں کے تمام مسائل کے حل کے لیے وزارت اوورسیز پاکستانیز نے پاکستان میں نیا سعودی ڈیسک قائم کیا ہے۔ معاون خصوصی نے سعودی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستانی کارکنوں اور پیشہ ور افراد کی مہارت کی سطح کو بڑھانے میں تعاون کی بھی درخواست کی۔ دونوں فریقین نے پاکستان میں ورکرز کے لیے تربیتی مراکز کے قیام کے لیے تعاون کے طریقہ کار کو وضع کرنے پر اتفاق کیا تاکہ سعودی عرب میں ان کی آمد سے قبل تکنیکی تربیت فراہم کی جا سکے۔