سعودی عرب ایکسپو دوحہ 2023 میں شرکت کرے گا

سعودی عرب

ریاض۔18ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب 2 اکتوبر 2023 کو ایکسپو دوحہ 2023 میں شرکت کرے گا ۔سعودی خبررساں کے مطابق ایکسپو دوحہ 2023 میں سعودی عرب کی شرکت کے پروگرام کے نگران اعلی صالح بن عبدالمحسن بن دخیل نے کہا ہے کہ ایکسپو دوحہ’سبز صحرا بہتر ماحول‘ میں چار نکاتی پروگرام متعارف کرایا جائے گا جو جدید زراعت، ٹیکنالوجی و اختراع، ماحولیاتی آلودگی اور پائیدار کاموں پر مشتمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ملکی اور علاقائی سطح پر متعدد اقدامات کے ذریعے گرین دور کی قیادت کے لیے کوشاں ہے۔ ان میں سرفہرست گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی اقدامات ہیں۔صالح بن عبدالمحسن بن دخیل نے مزید کہا کہ سعودی عرب سرکلر اکانومی کےلیے کام کررہا ہے جو تین اہداف آلودگی اور فضلے کا خاتمہ، مصنوعات کے استعمال کا تحفظ اور قدرتی نظام میں تجدید پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپو دوحہ میں سعودی پویلین متعدد منفرد حصے ہوں گے جو مملکت کے تنوع کی عکاسی کریں گے۔ غذائی تحفظ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زراعت کو مملکت کے پویلین میں اجاگر کیا جائےگا۔ واضھ رہے کہ ایکسپو دو اکتوبر 2023 سے 28 مارچ 2024 تک دوحہ کے مرکز میں واقع البدا پارک میں جاری رہے گی۔